واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان اور امریکا نے معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔یہ ملاقات وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی انڈر سیکرٹری برائے بین الاقوامی امور جوناتھن گرینسٹین کے درمیان ہوئی، جو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر منعقد ہوئی۔
ملاقات میں معاشی اصلاحات، بیرونی شعبے کے امور اور آئی ایم ایف کے ساتھ حالیہ اسٹاف لیول معاہدے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کے اصلاحاتی پروگرام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان نے 1.3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ کی ادائیگی کامیابی سے مکمل کر لی ہے اور حکومت مستقبل میں بھی تمام بیرونی مالی ذمہ داریاں بروقت ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
گفتگو کے دوران مشرق وسطیٰ میں جاری صورتحال کے پاکستان کی معیشت پر اثرات، خصوصاً ترسیلات زر اور بیرونی شعبے پر ممکنہ دباؤ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے اور ایک مضبوط و متنوع شراکت داری قائم کرنے پر اتفاق کیا جس کا مقصد علاقائی استحکام اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔