وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کیلیے 3 ارب ڈالر کے اضافی ڈپازٹس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی ادائیگی آئندہ ہفتے متوقع ہے جبکہ پہلے سے موجود 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔
ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے اسپرنگ اجلاس 2026 کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ مالی معاونت پاکستان کی معیشت کے لئے اہم سنگِ میل ہے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا ملے گا اور بیرونی کھاتوں میں استحکام آئے گا۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کا ہدف مالی سال کے اختتام تک زرمبادلہ کے ذخائر کو 18 ارب ڈالر تک پہنچانا ہے جو تقریباً 3.3 ماہ کی درآمدات کے برابر ہوں گے۔
محمد اورنگزیب کے مطابق پاکستان نے حال ہی میں 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ کامیابی سے ادا کیا اور حکومت تمام بیرونی ادائیگیاں بروقت مکمل کرنے کیلیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وزیر خزانہ کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ مالی تعاون پر تفصیلی بات چیت ہوئی، اور سعودی قیادت، خصوصاً ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ حکومت عالمی مالیاتی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کیلیے نئے اقدامات، بشمول جی ایم ٹی این پروگرام اور پانڈا بانڈ، پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت معاشی استحکام، اصلاحات اور بین الاقوامی شراکت داری کو مزید فروغ دے گی۔