وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام نے مصنوعی ذہانت (اے آئی)کو باضابطہ طور پر قومی ترجیحی شعبہ قرار دیتے ہوئے ملک گیر سطح پر اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
اس سلسلے میں گوگل کے اشتراک سے اے آئی سیکھو 2026 پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کا مقصد ملک بھر میں اے آئی تعلیم اور مہارتوں کو فروغ دینا ہے۔
وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام کے مطابق وفاقی حکومت نے اسکول کی سطح پر اے آئی نصاب متعارف کرانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے تاکہ طلبہ کو ابتدائی عمر سے ہی جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اے آئی سے متعلق تربیتی پروگرامز کا دائرہ کار دور دراز علاقوں تک بھی بڑھایا جائے گا جبکہ حکومت نے 2030 تک اے آئی سیکٹر میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا ہدف مقرر کیا ہے۔
اس کے علاوہ ایک ہزار طلبہ کو مکمل فنڈڈ اے آئی اسکالر شپس دینے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ دس لاکھ نان آئی ٹی پروفیشنلز کو اپ اسکل کرنے کا جامع پروگرام بھی منصوبہ بندی میں شامل ہے۔
وزارت کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے کاروبار، مالیات اور پبلک سیکٹر سمیت مختلف شعبوں میں اے آئی کو بنیادی مہارت کے طور پر متعارف کرایا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت کی طرف منتقل کرنے اور عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔