ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے مصنوعی ذہانت (AI) سے لیس اسمارٹ گلاسز کی تیاری پر کام شروع کردیا ہے، جسے مارکیٹ میں میٹا کے گلاسز کے مقابلے میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق ایپل کم از کم چار مختلف اقسام کے اے آئی گلاسز پر کام کر رہا ہے، جن میں کیمرے، مائیکرو فون اور اسپیکر جیسے جدید سینسرز نصب ہوں گے۔ یہ چشمہ آئی فون اور ایپل کی دیگر ڈیوائسز کے ساتھ مل کر کام کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل کو امید ہے کہ ان کا اعلیٰ ڈیزائن اور جدید اے آئی سسٹم، جو سینسرز کے ذریعے ارد گرد کے ماحول کا بہتر فہم فراہم کرے گا، انہیں میٹا کے مقابلے میں برتری دلائے گا۔
واضح رہے کہ میٹا کے گلاسز بھی مصنوعی ذہانت پر مبنی ہیں جو صارف کو سامنے نظر آنے والی اشیاء کے متعلق سوالات کرنے کی سہولت دیتے ہیں، تاہم ایپل اب اس ٹیکنالوجی کو اپنی مصنوعات کا حصہ بنا کر اسے نئے رخ پر متعارف کروانے کی تیاری کررہا ہے۔