انٹرنیٹ رفتار بہتر نہ ہونے پر وزیراعظم کا نوٹس، پی ٹی اے سے رپورٹ طلب

image

فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کے باوجود موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں نمایاں بہتری نہ آنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

رپورٹ طلبی کے بعد چیئرمین پی ٹی اے نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ ٹیلی کام آپریٹرز نیٹ ورک انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے لیے 4G اور 5G آلات کی درآمد کے مرحلے میں ہیں۔ آلات کی دستیابی کے بعد تنصیب کا عمل شروع کیا جائے گا جس میں چند ماہ لگنے کا امکان ہے۔

چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق انفرا اسٹرکچر میں بہتری کے بعد انٹرنیٹ اسپیڈ میں واضح اضافہ ہوگا جبکہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 5G سروس متعارف کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 5G کے ساتھ ساتھ 4G انٹرنیٹ کی رفتار میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ عوام کو تیز رفتار اور معیاری انٹرنیٹ کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے کیونکہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے وژن کے لیے تیز ترین انٹرنیٹ ناگزیر ہے۔انہوں نے پی ٹی اے کو یہ بھی ہدایت کی کہ ٹیلی کام آپریٹرز کے لیے مقررہ اہداف پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

چیئرمین پی ٹی اے نے یقین دہانی کرائی کہ ریگولیٹری کردار ادا کرتے ہوئے مؤثر چیک اینڈ بیلنس کے ذریعے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US