کراچی میں فارمرز اسمبلی، موسمیاتی نقصانات کے ازالے کے لیے عالمی جرمانہ نظام کا مطالبہ

image

کراچی کے آرٹس کونسل آف پاکستان میں منعقدہ "فارمرز اسمبلی برائے موسمیاتی انصاف" میں کسانوں، پالیسی سازوں، ماہرین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی، جہاں پاکستان میں موسمیاتی جوابدہی اور متاثرہ طبقات کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا گیا۔

مقررین نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ عالمی اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصے کے باوجود پاکستان موسمیاتی خطرات کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر ہے اور 2022 کے سیلاب جیسے واقعات ان کمیونٹیز پر بھاری بوجھ ڈال رہے ہیں جو اس بحران کی ذمہ دار نہیں ہیں۔

اسمبلی میں جرمنی کی بڑی کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے والے 39 کسانوں کے اقدام کو سراہا گیا جو عالمی سطح پر معاوضے اور جوابدہی کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری یوتھ افیئرز، صوبائی اراکینِ اسمبلی اور ماہرین نے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے موسمیاتی لچک، بہتر گورننس اور عالمی فنڈنگ میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔

شرکاء اور جرمنی سے ویڈیو پیغام بھیجنے والے نمائندوں نے واضح کیا کہ موسمیاتی تبدیلی اب محض ایک ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی حقوق اور بقا کا معاملہ ہے، جس کے لیے "آلودگی پھیلانے والا ادا کرے" کے اصول کے تحت عالمی کارپوریشنز کو جوابدہ بنانا ضروری ہے۔

اسمبلی کا اختتام کراچی پریس کلب تک ایک کسان ریلی کی صورت میں ہوا، جس میں شرکاء نے موسمیاتی نقصانات کے ازالے، تاریخی اخراج کی ذمہ دار کمپنیوں کے خلاف کارروائی اور متاثرہ کسانوں کے حقوق کے تحفظ کے مطالبات پیش کیے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US