ماحولیاتی اقدامات کو ترقی اور روزگار سے جوڑنا ناگزیر ہے، وزیر خزانہ

image

واشنگٹن ڈی سی میں جاری عالمی مالیاتی اداروں کے بہار اجلاس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ماحولیاتی استحکام اور گرین معیشت کے فروغ پر زور دیا ہے۔

وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے تیسرے روز کوالیشن آف فنانس منسٹرز فار کلائمیٹ ایکشن (CFMCA) کے 15ویں وزارتی اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے "ماحولیاتی اقدامات کو ترقی، روزگار اور مسابقت کا ذریعہ بنانے کے" موضوع پر خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی مالیاتی صلاحیت میں نمایاں بہتری لائی ہے۔ انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان کو فوری بین الاقوامی امداد درکار تھی، تاہم 2025 میں اسی نوعیت کی آفت کے دوران ملک نے اپنے وسائل سے ریلیف فراہم کیا، جو مالیاتی استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان میں ماحول دوست مالیاتی نظام کے فروغ کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے گرین ٹیکسونومی گائیڈ لائنز متعارف کروائی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت تقریباً 8 ہزار میگاواٹ شمسی توانائی کی صلاحیت موجود ہے، جبکہ آئندہ دس برس میں 90 فیصد توانائی قابل تجدید ذرائع سے حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے ماحولیاتی مالیات کے شعبے میں بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے آئی ایم ایف کی ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (RSF) اور عالمی بینک گروپ کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کا خصوصی ذکر کیا۔

وزیر خزانہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے حصول کے لیے ماحولیاتی اقدامات کو معیشت کا مرکزی حصہ بنائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US