اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد، ریڈ زون سیل، ٹریفک پلان جاری

image

اسلام آباد میں غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے تحت ریڈ زون اور توسیعی ریڈ زون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق کورال سے زیرو پوائنٹ تک ایکسپریس وے بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گا، جبکہ سری نگر ہائی وے پر مختلف اوقات میں ٹریفک کی روانی معطل کی جاسکتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں کسی بھی سمت سے آنے والی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد ہوگی، جبکہ ہیوی ٹریفک مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان دنوں اسلام آباد کا رخ نہ کریں تاکہ مشکلات سے بچا جاسکے۔

شہریوں کی سہولت کے لیے متبادل ٹریفک پلان بھی جاری کیا گیا ہے۔ جی-5، جی-6، جی-7، ایف-6 اور ایف-7 کے رہائشی راولپنڈی آنے جانے کے لیے مارگلہ روڈ کے ذریعے 9th ایونیو استعمال کریں۔

فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو بھی 9th ایونیو کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

اسی طرح زیرو پوائنٹ سے کورال چوک بند ہونے کی صورت میں شہری سری نگر ہائی وے سے 9th ایونیو اور پھر اسٹیڈیم روڈ کے ذریعے مری روڈ، چاندنی چوک اور راول روڈ استعمال کرتے ہوئے کورال جا سکیں گے۔

پارک روڈ سے کلب روڈ بند ہونے کی صورت میں ٹریفک کو ترامڑی چوک کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جاری کردہ ٹریفک پلان پر عمل کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US