ٹیلی گرام کے سربراہ نے یورپی یونین کی نئی عمر کی تصدیقی ایپ پر سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں سیکیورٹی کی ایسی کمزوریاں موجود ہیں جنہیں بہت کم وقت میں توڑا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق یہ ایپ بظاہر بچوں کے تحفظ کے لیے متعارف کرائی گئی ہے، لیکن اس کی تکنیکی بنیاد اتنی مضبوط نہیں جتنی ہونی چاہیے تھی۔
سماجی پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس ایپ کے ڈیزائن میں بنیادی خامیاں پائی جاتی ہیں، جس کی وجہ سے اسے ہیک کرنا زیادہ مشکل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کو صرف ایک تکنیکی غلطی کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے بلکہ اس کے پیچھے وسیع تر پالیسی اثرات بھی موجود ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی حکام کو تنقید کا نشانہ بنانے سے پہلے اس پہلو کو سمجھنا ضروری ہے کہ ایسے اقدامات اکثر صارفین کی آزادیوں کو محدود کرنے کے جواز کے طور پر بھی استعمال ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ سیکیورٹی کمزوری ایک ایسا موقع فراہم کرتی ہے جس کے ذریعے نگرانی کے نظام کو مزید سخت بنایا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب یورپین کمیشن نے حال ہی میں اس ایپ کو متعارف کراتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا مقصد آن لائن پلیٹ فارمز کو ذمہ دار بنانا اور کم عمر صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ کمیشن کا مؤقف ہے کہ یہ نظام ڈیجیٹل ماحول کو محفوظ بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر بڑھتی ہوئی تشویش سامنے آ رہی ہے۔