دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے استعمال میں تیزی سے اضافہ

image

دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، تاہم پاکستان اس میدان میں ابھی پیچھے دکھائی دیتا ہے، جہاں صرف 15 فیصد افراد ہی اس جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہے ہیں۔

گیلپ پاکستان کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق ملک میں اے آئی کا استعمال ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔ سروے میں بتایا گیا کہ صرف 15 فیصد پاکستانیوں نے اے آئی چیٹ بوٹس استعمال کیے ہیں، جن میں ChatGPT، Gemini اور DeepSeek جیسے ٹولز شامل ہیں، جبکہ 85 فیصد افراد اب بھی اس ٹیکنالوجی سے ناواقف ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تعلیمی سطح کے لحاظ سے اے آئی کے استعمال میں نمایاں فرق پایا جاتا ہے۔ کم تعلیم یافتہ افراد میں صرف 8 فیصد اس ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہیں، جبکہ زیادہ تعلیم یافتہ افراد میں یہ شرح 52 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔

عمر کے اعتبار سے نوجوان اس رجحان میں سب سے آگے ہیں۔ 30 سال سے کم عمر افراد میں 26 فیصد اے آئی استعمال کر رہے ہیں، جبکہ 30 سے 39 سال کے افراد میں یہ شرح 10 فیصد، 40 سے 49 سال میں 8 فیصد اور 50 سے 59 سال کی عمر کے افراد میں صرف 7 فیصد ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر ملک میں ڈیجیٹل تعلیم اور آگاہی کو فروغ دیا جائے تو مصنوعی ذہانت کے استعمال میں نمایاں اضافہ ممکن ہے، جو معیشت اور مختلف شعبوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US