واٹس ایپ ہیکنگ فراڈ کے واقعات میں اضافہ، ایڈوائزری جاری

image

محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں واٹس ایپ ہیکنگ اور نقالی پر مبنی فراڈ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر ہنگامی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

ایڈوائزری میں تمام انتظامی محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں متعدد سرکاری افسران کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہونے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

محکمہ داخلہ کے مطابق سائبر مجرم ان اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی حاصل کر کے افسران کے قریبی روابط اور ماتحت عملے کو جعلی پیغامات بھیجتے ہیں جن میں فوری مالی مدد کی درخواست کی جاتی ہے۔

ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ فراڈیے عوامی طور پر دستیاب معلومات جیسے نام، عہدہ اور تصاویر استعمال کر کے قابلِ اعتماد ڈیجیٹل شناخت تیار کرتے ہیں جس سے شہری اور سرکاری اہلکار دھوکا کھا جاتے ہیں۔

حکام نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس نوعیت کی سرگرمیوں کے خلاف چوکس رہیں اور کسی بھی مشکوک پیغام کی فوری تصدیق کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US