آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی روبوٹ نے بہترین کھلاڑی کو ٹیبل ٹینس میچ میں شکست دے دی۔ ایس نامی روبوٹک سسٹم نے ایک بہترین کھلاڑی کے خلاف 5 میں سے 3 میچ جیت لیے تاہم دو پروفیشنل کھلاڑیوں کے خلاف اسے شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
ماہرین کے مطابق یہ کامیابی اس لیے اہم ہے کیونکہ ٹیبل ٹینس ایک انتہائی تیز رفتار کھیل ہے جس میں فوری ردعمل اور مہارت درکار ہوتی ہے۔ روبوٹ نے نہ صرف مشکل شاٹس کامیابی سے کھیلے بلکہ تیز رفتار بیک اسپن شاٹس بھی مؤثر انداز میں ریٹرن کیے۔
اس پیشرفت سے متعلق تحقیق عالمی سائنسی جریدے نیچر جرنل میں شائع ہوئی جس میں بتایا گیا کہ روبوٹ کی کارکردگی مسلسل بہتر ہو رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے قبل اے آئی کو شطرنج اور دیگر بورڈ گیمز میں آزمایا جا چکا تھا تاہم اب اسے ایک ایسے کھیل میں کامیابی ملی ہے جہاں تیز رفتار حرکت اور فوری فیصلے انتہائی اہم ہوتے ہیں۔
یہ روبوٹ متعدد کیمروں کی مدد سے گیند کی رفتار اور گھومنے کی سمت کو ٹریک کرتا ہے جس سے اسے حقیقی وقت میں بہتر فیصلہ سازی میں مدد ملتی ہے۔