چین میں 14 سالہ طالب علم چی جیانگ پنگ نے غیر معمولی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ہاتھوں سے ایک فعال ٹربو جیٹ انجن تیار کر لیا ہے۔
ہوا بازی میں گہری دلچسپی رکھنے والے اس بچے نے کم عمری میں ہی ایروڈائنامکس اور انجینئرنگ کی تعلیم خود حاصل کی اور روزانہ کئی گھنٹے مطالعہ کیا۔ اس نے کمپیوٹر ایڈڈ ڈیزائن جیسے پیچیدہ سافٹ ویئرز استعمال کرتے ہوئے اپنے انجن کا مکمل ڈیزائن تیار کیا۔
چی جیانگ پنگ نے بتایا کہ وہ کسی اور کا ڈیزائن نقل کرنے کے بجائے خود سیکھنا چاہتا تھا اسی لیے اس نے ابتدا سے اپنا ماڈل تیار کیا۔ ابتدائی ٹیسٹ ناکام ہونے کے باوجود اس نے خامیوں کو دور کر کے نئے اور بہتر انجن پر کام جاری رکھا ہوا ہے۔ یہ کم عمر طالب علم اب مزید بہتر ٹربو جیٹ انجن کی تیاری اور اس کی کامیاب آزمائش کے لیے پرعزم ہے۔