کراچی کے شہریوں کے لیے پانی کی قلت کے حوالے سے ایک بڑی اور مثبت خبر سامنے آئی ہے، جہاں واٹر کارپوریشن نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے سپلائی کی جزوی بحالی کے بعد شہر کو اضافی پانی کی فراہمی شروع کردی ہے۔
واٹر کارپوریشن کے حکام کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر جاری مرمتی کام میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں شہر کے لیے پانی کی رسد میں 100 ملین گیلن کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس وقت کراچی کو مجموعی طور پر 500 ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے، تاہم شہر کی مکمل طلب پوری کرنے کے لیے اب بھی 150 ملین گیلن کی کمی کا سامنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پمپنگ اسٹیشن پر باقی ماندہ تکنیکی کام تیزی سے جاری ہے اور اس کی تکمیل کے ساتھ ہی شہر کو پانی کی سپلائی مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی، جس سے مختلف علاقوں میں جاری پانی کا بحران ختم ہونے کی امید ہے۔