کچی کیری کا شربت! گرمی میں قدرتی ٹھنڈک اور وزن میں کمی کا مؤثر گھریلو نسخہ

image

گرمی کے موسم میں جسم کو ٹھنڈا رکھنے اور اضافی وزن سے نجات حاصل کرنے کے لیے لوگ مختلف طریقے اختیار کرتے ہیں تاہم ماہرین کے مطابق کچی کیری سے تیار کیا جانے والا شربت ایک سادہ مگر انتہائی مؤثر قدرتی حل کے طور پر سامنے آیا ہے۔

یہ مشروب نہ صرف جسمانی درجہ حرارت کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے بلکہ کئی طبی فوائد بھی رکھتا ہے۔ خاص طور پر گرمیوں میں بدہضمی، قبض، متلی اور سینے کی جلن جیسے مسائل عام ہو جاتے ہیں جن سے بچاؤ کے لیے کچی کیری کا استعمال مفید سمجھا جاتا ہے۔ یہ شربت نظامِ ہاضمہ کو بہتر بنا کر معدے کی مختلف شکایات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس شربت کی تیاری بھی نہایت آسان ہے۔ کچی کیری کے ٹکڑوں کو پانی میں اچھی طرح اُبالا جاتا ہے، پھر اس میں زیرہ پاؤڈر، سونف پاؤڈر، پودینے کے پتے اور ہرا دھنیا شامل کیا جاتا ہے۔

ذائقے کو بہتر بنانے کے لیے تھوڑی مقدار میں گڑ شامل کیا جا سکتا ہے تاہم جو افراد وزن کم کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے بغیر گڑ استعمال کرنا زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس مشروب کو دن میں دو مرتبہ استعمال کیا جا سکتا ہے چونکہ یہ گرم پانی میں تیار کیا جاتا ہے، اس لیے گلے پر اس کے مضر اثرات بھی کم ہوتے ہیں۔ باقاعدہ استعمال سے نہ صرف جسم کو ٹھنڈک ملتی ہے بلکہ نظامِ ہاضمہ بہتر ہو کر وزن میں کمی میں بھی مدد ملتی ہے۔

کچی کیری کا یہ سادہ، قدرتی اور آسانی سے تیار ہونے والا شربت تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور گرمی کے موسم میں صحت مند رہنے کے لیے ایک بہترین گھریلو نسخہ سمجھا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US