قیمتی پتھروں کی برآمدات میں اضافہ، تین سینٹرز آف ایکسیلینس قائم کرنے کا فیصلہ

image

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پراسیسنگ کے شعبے کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے اور برآمدات بڑھانے سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں قیمتی پتھروں کی کٹائی، تراش خراش اور زیورات سازی کے لیے تین سینٹرز آف ایکسیلینس قائم کیے جائیں گے جن میں سے دو کے لیے گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں زمین کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے جبکہ اسلام آباد میں تیسرے سینٹر پر کام جاری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل خصوصاً قیمتی پتھروں کی دولت سے مالا مال ہے اور اس شعبے کو درست حکمت عملی کے ذریعے برآمدات میں نمایاں اضافہ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے معاون خصوصی ہارون اختر اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان سینٹرز میں عالمی معیار کی تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ پاکستان میں قیمتی پتھروں سے متعلق پہلی بین الاقوامی نمائش جولائی 2026 میں منعقد کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔ اس کے علاوہ سری لنکا اور چین کے تعاون سے افرادی قوت کی تربیت کا عمل بھی جاری ہے۔

مزید بتایا گیا کہ ایک ہزار افراد کو جدید کان کنی اور پراسیسنگ کی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ پیداوار میں اضافہ اور ضیاع میں کمی لائی جا سکے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور برآمدات بڑھانے کے لیے جامع حکمت عملی جلد پیش کی جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US