اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یورپی یونین کے اعلیٰ سطح کے تجارتی وفد نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد کی قیادت یورپی کمیشن کے ڈائریکٹر پیٹرس اُستبس کر رہے تھے جبکہ اس میں یورپی انویسٹمنٹ بینک کی نمائندہ اور ایڈیڈاس، اینڈریٹز اور آئی کے ای اے جیسی معروف کمپنیوں کے اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔
وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے یورپی یونین کو پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تجارتی تعلقات کی مضبوطی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ملکی معیشت کے استحکام اور یورپی کونسل کے صدر کے ساتھ ہونے والے حالیہ رابطوں کا ذکر بھی کیا۔
یورپی وفد نے پاکستان میں توانائی، مواصلات اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کو سراہا اور بتایا کہ یورپی یونین-پاکستان بزنس فورم کے دوران 600 سے زائد بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں متوقع ہیں۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر وفاقی وزراء سمیت اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔