صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آگئی۔
لاہور میں رات گئے ہونے والی بارش سے موسم سہانا ہوگیا، جبکہ لودھراں، وہاڑی، منڈی بہاؤالدین، بورے والا اور رحیم یار خان میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
ملتان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے جہاں گرمی کا زور توڑا، وہیں بجلی کا نظام متاثر ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ دنیا پور اور اس کے گردونواح میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ آج شام کے اوقات میں بھی بوندا باندی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔