پاکستانی سی فیررز کی تربیت اور سرٹیفیکیشن کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ناروے میں پاکستانی سفارتخانے اور میری ٹائم اتھارٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اس معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے پاکستانی سی فیررز کو ناروے کے پرچم بردار جہازوں پر خدمات انجام دینے کے مواقع میسر آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ نہ صرف روزگار کے نئے دروازے کھولے گا بلکہ عالمی شپنگ انڈسٹری میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے ایک اہم سنگ میل بھی ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت کے ذریعے پاکستان اور ناروے کے درمیان میری ٹائم تعاون مزید مضبوط ہوگا اور پاکستانی سی فیررز کو جدید بحری طریقہ کار کا عملی تجربہ حاصل کرنے کے زیادہ مواقع ملیں گے۔
وفاقی وزیر کے مطابق، یہ پیش رفت پاکستانی سی فیررز کی پیشہ ورانہ ترقی میں معاون ثابت ہوگی جبکہ بحری تربیتی اداروں کی بہتری اور عالمی کنونشنز پر عملدرآمد کے حوالے سے حکومت کے عزم کو بھی تقویت دے گی۔