پاکستان میں مئی 2026 عوام کے لیے چھٹیوں سے بھرپور مہینہ ثابت ہوسکتا ہے، جہاں سرکاری اور ہفتہ وار تعطیلات کے ساتھ ساتھ یومِ تکبیر اور عیدالاضحیٰ کی ممکنہ چھٹیاں شامل ہوکر مجموعی طور پر 14 سے 15 دن تک کی تعطیلات بن سکتی ہیں۔ اگر حکومت کی جانب سے مزید چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تو یہ تعداد مزید بڑھ بھی سکتی ہے۔
مہینے کا آغاز ایک طویل تعطیلاتی سلسلے سے ہوگا، کیونکہ یکم مئی بروز جمعہ مزدوروں کا عالمی دن ہوگا، جس کے بعد ہفتہ اور اتوار (2 اور 3 مئی) کی چھٹیاں بھی آئیں گی، یوں شہریوں کو مسلسل تین دن کا وقفہ ملے گا۔
مہینے کے آخر میں عیدالاضحیٰ کے باعث مزید تعطیلات متوقع ہیں، تاہم حتمی تاریخ کا انحصار ذوالحج کا چاند نظر آنے پر ہوگا۔ اگر 17 مئی کو چاند نظر آ جاتا ہے تو عیدالاضحیٰ 27 سے 29 مئی کے درمیان ہونے کا امکان ہے اور اس کے ساتھ ہفتہ وار تعطیلات شامل ہو کر پانچ دن کی مسلسل چھٹیوں کا امکان بن سکتا ہے۔
دوسری جانب اگر 17 مئی کو چاند نظر نہ آیا اور مہینہ 30 دن مکمل کرے تو عیدالاضحیٰ 28 سے 30 مئی کے درمیان منائی جا سکتی ہے، جس کے نتیجے میں اتوار 31 مئی کی چھٹی بھی اس میں شامل ہوجائے گی اور تعطیلات کا دورانیہ مزید بڑھ جائے گا۔
اس کے علاوہ اگر حکومت پیر 25 مئی کو اضافی چھٹی کا اعلان کرتی ہے تو 23 اور 24 مئی (ہفتہ اور اتوار) کے ساتھ مل کر ایک طویل تعطیلاتی سلسلہ بن سکتا ہے، جو شہریوں کے لیے مزید سہولت کا باعث ہوگا۔
ملک بھر میں بینکس بھی تین دن بند رہیں گے۔ یکم مئی عام تعطیل، 2 اور 3 مئی کو ہفتہ واری تعطیل کے باعث تین دن کی چھٹی ہوگی۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کے مطابق ذوالحج کا چاند دیکھنے کے لیے کمیٹی کا اجلاس 17 مئی کو طلب کیا گیا ہے، جس کے بعد عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔