صومالی قزاقوں کے قبضے سے پاکستانی عملے کی بازیابی کے لیے کوششیں تیز

image

صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں کی جانب سے ایک آئل ٹینکر پر حملے کے بعد صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے۔ حملے کے بعد جہاز ”آنر 25“ پر موجود پاکستانی عملے کی بحفاظت واپسی کے لیے سفارتی کوششیں مزید تیز کردی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے اس معاملے پر صومالیہ کے سفیر کو خط لکھ کر پاکستانی عملے کی فوری اور محفوظ بازیابی میں مدد کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ملاحوں کی جانوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ان کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب صومالی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ واقعے پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور جہاز اور عملے سے متعلق معلومات متعلقہ قومی سلامتی اداروں کے ساتھ شیئر کردی گئی ہیں۔

صومالی حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جیسے ہی کوئی نئی پیش رفت سامنے آئے گی، پاکستان کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US