ٹی بی ٹیسٹ کٹس کی قلت، ملک بھر میں تشخیصی نظام متاثر

image

ملک بھر میں Tuberculosis (ٹی بی) کی تشخیص کا نظام ٹیسٹ کٹس کی شدید قلت کے باعث متاثر ہوگیا ہے، جس کے پیش نظر وزارتِ صحت نے ہنگامی اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کٹس کی کمی کے باعث جدید GeneXpert Test کے استعمال کو فوری طور پر محدود کردیا گیا ہے، اور اب ہر مشتبہ مریض کیلیے یہ ٹیسٹ دستیاب نہیں ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں مریضوں کو پرانے طریقۂ تشخیص پر منتقل کیا جا رہا ہے، جس سے بروقت تشخیص متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ صرف انتہائی ضروری اور سنگین نوعیت کے کیسز میں جدید ٹیسٹ کی اجازت دی جائے گی، جبکہ ملک بھر کے اسپتالوں اور لیبارٹریز کو اس کے محدود استعمال کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ بچوں اور حاملہ خواتین کیلیے جین ایکسپرٹ ٹیسٹ کی سہولت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزارتِ صحت نے ٹیسٹ کارٹریجز کے محتاط استعمال کیلیے سخت نگرانی کا حکم بھی جاری کیا ہے، جبکہ صوبائی ٹی بی پروگرامز کو فوری عملدرآمد کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔ ترجیحی بنیادوں پر تصدیق شدہ ٹی بی مریضوں اور HIV کے ساتھ متاثرہ افراد کو جدید ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر کٹس کی فراہمی جلد بحال نہ ہوئی تو ٹی بی کی بروقت تشخیص اور کنٹرول کی کوششیں مزید متاثر ہوسکتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US