وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کو اپنی سمندری تجارت کو مزید مضبوط اور محفوظ بنانا ہوگا۔
کراچی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی چیلنجز اور عالمی تجارتی رکاوٹوں کے باوجود حکومتی پالیسیوں کی بدولت پاکستان نے صورتحال کو مواقع میں تبدیل کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی پورٹ نے ایک ماہ میں 111,300 ٹی ای یو ہینڈل کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے جبکہ گوادر پورٹ کو بھی تیزی سے فعال کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق دونوں بندرگاہوں کو کم لاگت اور محفوظ تجارتی مراکز کے طور پر ترقی دی جا رہی ہے جبکہ گوادر پورٹ نے پہلی ٹرانس شپمنٹ ہینڈل کر کے اہم پیش رفت حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے تعاون سے کسٹمز کلیئرنس کے عمل میں بہتری آئی ہے اور بندرگاہی چارجز میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے جس سے تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔حکام کے مطابق حکومت کا ہدف پاکستان کو خطے میں سمندری تجارت اور علاقائی رابطوں کا مرکزی مرکز بنانا ہے۔