وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری کے لیے جامع قومی ویکسین پالیسی کی منظوری دے دی گئی ہے۔
وزارت قومی صحت کے جاری کردہ بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے بدھ کے روز اس اہم پالیسی کی باضابطہ منظوری دی، جسے ملک میں صحت عامہ کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ماضی میں ویکسین سے متعلق کوئی جامع قومی پالیسی موجود نہیں تھی، جس کے باعث اس شعبے میں مربوط انداز میں ترقی ممکن نہ ہوسکی۔ انہوں نے بتایا کہ نئی پالیسی تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے تاکہ ایک مؤثر اور پائیدار نظام قائم کیا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس پالیسی کی تیاری میں معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر، وزیر مملکت برائے صحت مختار بھرتھ اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے اہم کردار ادا کیا۔
سید مصطفیٰ کمال کے مطابق مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری وقت کی اہم ضرورت تھی اور یہ پالیسی اس سمت میں ایک فیصلہ کن قدم ہے۔ انہوں نے اس پیشرفت کو قومی خود کفالت کی جانب اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف ویکسین کی دستیابی بہتر ہوگی بلکہ مستقبل میں صحت کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہو۔