میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے واسا ہیڈ آفس لاہور کا دورہ کیا جہاں کراچی کے سیوریج اور واٹر سسٹم کے مسائل کے حل اور ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میئر کراچی نے پنجاب کے وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کے ساتھ اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ کراچی کے مسائل کی بہتری کے لیے لاہور آئے ہیں اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا ایک مثبت عمل ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام شہر ایک جیسے ہیں، کراچی اور لاہور میں کوئی تفریق نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے واسا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے ان سے جو بھی ممکن ہوا وہ ضرور کیا جائے گا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔