اسلام آباد سیکٹر ایف-12 کے لیے لینڈ شیئرنگ پالیسی کی منظوری

image

وزارت ہاؤسنگ نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف-12 سے متعلق پالیسی میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے لینڈ شیئرنگ فارمولا اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت زمین کے مالکان کو نقد رقم دینے کے بجائے انہیں ڈیولپ شدہ پلاٹس فراہم کیے جائیں گے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کا اجلاس سینیٹر ناصر محمود کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں تجاوزات، پارلیمانی لاجز کی تعمیر، اسلام آباد ماڈل جیل، شہید ملت سیکریٹریٹ کی لفٹس اور پی ڈبلیو ڈی ملازمین کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

سیکریٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر) محمود نے اجلاس کو بتایا کہ سیکٹر ایف-12 میں تجاوزات کا خاتمہ ایک بڑا چیلنج ہے، تاہم نئی لینڈ شیئرنگ پالیسی کے تحت زمین مالکان سے شفاف انداز میں معاہدے کیے جائیں گے تاکہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔ ان کے مطابق چار کنال زمین کے بدلے ایک کنال کا ڈیولپ پلاٹ دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے بعض اراکین ترقیاتی کاموں کے بدلے پلاٹس فروخت کرنے کے حق میں ہیں، تاہم ادارے کے پاس محدود وسائل ہیں اور وہ بغیر مالی معاونت کے تمام منصوبے مکمل نہیں کرسکتا۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کو بھی شکایات ارسال کی گئی ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سیکٹر ایف- 14 اور ایف- 15 میں تقریباً 50 غیر قانونی تعمیرات موجود ہیں جن کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے، جبکہ ابتدائی مرحلے میں چھ غیر قانونی املاک کو مسمار کیا گیا ہے۔

پارلیمانی لاجز کے زیر تعمیر بلاک میں تاخیر پر کمیٹی نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ حکام نے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل کی نئی ڈیڈ لائن جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح اسلام آباد ماڈل جیل فیز ون اسی مالی سال میں مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

کمیٹی نے شہید ملت سیکریٹریٹ کی تین لفٹس کی تبدیلی کے لیے متعلقہ اداروں کو چھ ماہ کی مہلت بھی دے دی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US