پنجاب اسمبلی اجلاس، تعلیمی و صحت بجٹ میں اضافے اور کسانوں کے لیے پیکجز کا اعلان

image

پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ملک احمد خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اظہار خیال کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تعلیم کے شعبے کا بجٹ 30 ارب روپے سے بڑھا کر 130 ارب روپے کردیا ہے، جو اسکولوں، کالجوں اور مجموعی تعلیمی ڈھانچے میں ایک نمایاں پیش رفت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صحت کے شعبے کے ترقیاتی بجٹ میں بھی اضافہ کرتے ہوئے اسے 15 ارب روپے سے بڑھا کر 100 ارب روپے تک لے جایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور 200 ارب روپے کسان کارڈ کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد کسانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 99 فیصد کارڈ براہِ راست کسانوں کو فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 20 ہزار ٹریکٹر کسانوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید 30 ہزار ٹریکٹر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ زرعی شعبے کے لیے 80 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جو گزشتہ دو دہائیوں میں سب سے بڑا ہے۔

اجلاس کے دوران ایوان میں شور شرابہ بھی دیکھنے میں آیا جس پر اسپیکر نے حکومتی اور اپوزیشن ارکان کو نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بعض اراکین کو خاموش رہنے اور قواعد کے مطابق بات کرنے کی تاکید کی۔

مریم اورنگزیب نے اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں فلم اور ٹورازم انڈسٹری کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق پنجاب فلم سٹی اتھارٹی کا بل اسٹینڈنگ کمیٹی سے منظور ہو کر آیا ہے، جو فلم، میوزک اور پروڈکشن کے شعبوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فلم اسکولز، میوزک اسکولز اور پروڈکشن ہاؤسز کے قیام پر کام کر رہی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب اس منصوبے پر گزشتہ ڈیڑھ سال سے سرگرم عمل ہیں۔ ان کے مطابق ان اقدامات سے نہ صرف مقامی انڈسٹری کو فروغ ملے گا بلکہ ملکی معیشت کو بھی فائدہ ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US