سندھ ہائیکورٹ نے بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کی تکمیل سے متعلق سماعت کے دوران منصوبے میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے مکمل ہونے کی واضح ڈیڈ لائن طلب کرلی ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ پورا شہر اس منصوبے سے متاثر ہو رہا ہے، اس لیے بتایا جائے کہ یہ کب تک مکمل ہوگا۔ عدالت نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ کیا منصوبے میں تاخیر کے معاملے پر کوئی کمیشن تشکیل دیا جانا چاہیے۔
عدالت نے حکومت سے اس قانون کی تفصیلات بھی طلب کیں جس کے تحت سائٹ کو سیل کیا گیا، جیسا کہ کنٹریکٹر کے وکیل نے موقف اختیار کیا تھا۔
دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ جہاں کنٹریکٹر کا دفتر قائم ہے وہ زمین کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کی ملکیت ہے۔
عدالت نے معاملے کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔