وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے پسماندہ علاقوں اور صنعتی زونز کو سستی بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں کے الیکٹرک کے چیئرمین شہریار چشتی سے ملاقات کے دوران کیا گیا، جس میں کے الیکٹرک کے سی ای او سید طحہٰ، پی ایس سی ایم آغا واصف اور سیکریٹری توانائی شعیب انصاری سمیت دیگر حکام بھی شریک تھے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ توانائی اور کے الیکٹرک کو ہدایت دی کہ کراچی کے بجلی صارفین کے لیے ہدفی سبسڈی پروگرام پر مشترکہ مطالعہ کیا جائے تاکہ کم آمدن والے گھرانوں کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔
مراد علی شاہ نے زور دیا کہ پسماندہ علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ فوری کم کی جائے، خاص طور پر گرمیوں کے آغاز کے ساتھ غریب طبقات کو درپیش مشکلات کے پیش نظر مؤثر اور قابلِ عمل حل تیار کیے جائیں۔
انہوں نے صنعتی زونز کے لیے بھی سستی بجلی کی فراہمی کی تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے اور کاروباری لاگت میں کمی لائی جاسکے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہدفی سبسڈی کے ذریعے مستحق صارفین کو براہ راست فائدہ پہنچایا جائے گا، جس سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ توانائی کے نظام میں بہتری بھی آئے گی۔