مہنگائی کیخلاف ایپکا راولپنڈی کا احتجاج، قلم چھوڑ ہڑتال، دفاتر کی تالابندی کا اعلان

image

آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) راولپنڈی ڈویژن نے پریس کلب کے باہر احتجاج کرتے ہوئے آج سے قلم چھوڑ ہڑتال شروع کردی جبکہ سرکاری دفاتر کی تالہ بندی کا بھی اعلان کردیا۔

احتجاج کے دوران ایپکا رہنماؤں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی مہنگائی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں سرکاری ملازمین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

ایپکا راولپنڈی ڈویژن کے صدر چوہدری بشیر احمد نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے تاکہ وہ بڑھتی مہنگائی کا مقابلہ کرسکیں۔

اس موقع پر جنرل سیکریٹری چوہدری ریاض احمد نے کہا کہ تنظیم کے مطالبات میں پنشن اصلاحات، کنوینس الاؤنس، ہاؤس رینٹ اور میڈیکل الاؤنس میں اضافہ بھی شامل ہے۔

رہنماؤں نے لیوا پالیسیوں، سرکاری ملازمین کی آؤٹ سورسنگ اور مستقل ملازمتوں کے خاتمے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

ایپکا کے مطابق ملک بھر سے سرکاری ملازمین اس احتجاج میں شریک ہوں گے جبکہ حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملازمین کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US