چینی کمپنی نے ایک ایسی حیران کن گاڑی متعارف کرائی ہے جو انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ راکٹ بوسٹر ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ویکیوم کلینرز بنانے والی معروف کمپنی ڈریمی نے نیبولا نیکسٹ 01 جیٹ ایڈیشن نامی یہ جدید گاڑی امریکا میں پیش کی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ گاڑی ڈوئل راکٹ بوسٹر سسٹم کی بدولت صرف 0.9 سیکنڈ میں 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر سکتی ہے۔ اس میں ایرو اسپیس ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جو 150 ملی سیکنڈ میں ردعمل ظاہر کرتی ہے۔
گاڑی میں آل سولڈ اسٹیٹ بیٹری نصب ہے جو ایک چارج پر 550 کلومیٹر تک سفر کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ یہ روایتی لیتھیم بیٹریز کے مقابلے میں زیادہ مؤثر توانائی فراہم کرتی ہے۔
اس میں جدید لیڈار سسٹم بھی شامل ہے جو 600 میٹر تک اشیا کی نشاندہی کر سکتا ہے تاکہ ٹکراؤ کے خطرات کم کیے جا سکیں۔کمپنی نے واضح کیا ہے کہ یہ گاڑی فی الحال ایک کانسیپٹ ماڈل ہے اور اسے فروخت کے لیے پیش نہیں کیا جائے گا۔