صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے جانے والے پاکستانیوں کے اہلخانہ نے پریس کانفرنس کے دوران حکومت سے اپنے پیاروں کی باحفاظت واپسی کے لیے فوری اور عملی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ بحری جہاز 'کریو آنر 25' کے اغوا کو 10 روز گزر چکے ہیں، لیکن اب تک مغویوں کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جس کی وجہ سے 10 خاندان شدید ذہنی کرب اور پریشانی میں مبتلا ہیں۔
متاثرین نے شکوہ کیا کہ سرکاری چینلز سے بارہا رابطے کے باوجود انہیں کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا گیا اور حکومت کی مسلسل خاموشی ان کے دکھ میں مزید اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ اہلخانہ نے وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے مطالبہ کیا کہ وہ اس حساس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور مغویوں کی واپسی کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی جائے۔
پریس کانفرنس کے دوران متاثرہ خاندانوں نے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس معاملے پر ایک فوکل پرسن مقرر کرے جو خاندانوں کو لمحہ بہ لمحہ پیش رفت سے آگاہ رکھے۔
واقعے سے متعلق اب تک ہونے والی تمام پیش رفت پر فوری طور پر سرکاری رپورٹ جاری کی جائے۔ عملے میں شامل انجینئرز، آفیسرز اور دیگر ملازمین کی بحالی کے لیے شفافیت اور ہمدردی کے ساتھ عملی کوششیں کی جائیں۔
اہلخانہ نے جذباتی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنوں کی جدائی میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، لیکن انہوں نے ابھی تک امید کا دامن نہیں چھوڑا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہیں حکومت سے صرف سچائی، شفافیت اور اپنے پیاروں کی واپسی کے لیے سنجیدہ کوششیں درکار ہیں۔