مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال کے پیشِ نظر کراچی پورٹ کی تزویراتی اہمیت عالمی سطح پر نمایاں ہوگئی ہے، جس کے باعث یورپی یونین کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کا دورہ کیا۔
یورپی کمیشن کے ڈائریکٹر ایشیا پیسیفک پیٹریس اُستبس کی سربراہی میں آنے والے اس 8 رکنی وفد میں پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر ریمونڈس کاروبلس بھی شامل تھے۔
وفد نے کراچی پورٹ کے تینوں ٹرمینلز کا تفصیلی معائنہ کیا، جہاں چیئرمین کے پی ٹی نے انہیں پورٹ آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وفد کو کراچی پورٹ کے اہم ترقیاتی منصوبوں بشمول پورٹ کی توسیع، گرین انرجی کے منصوبوں، منوڑہ شپ یارڈ اور میری ٹائم ڈسٹرکٹ کے قیام کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ وفد کو پورٹ پر بنکرنگ اور ٹرانس شپمنٹ کی سہولیات سے متعلق بھی بریف کیا گیا تاکہ بین الاقوامی تجارت کے لیے کراچی پورٹ کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جاسکے۔