پنجاب میں ڈیجیٹل ترقی کے لیے سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کا فیصلہ

image

مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب کی سینئر مشیر سینیٹر انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ صوبے میں ڈیجیٹل ترقی کے لیے سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاہور کی ایک نجی یونیورسٹی میں منعقدہ لیڈرشپ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بلاک چین ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے موضوع پر گفتگو کی۔

انوشہ رحمان کا کہنا تھا کہ حکومت کی توجہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی پر مرکوز ہے، اور اس مقصد کے لیے سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے ذریعے دیہات، تعلیمی اداروں اور صحت کے مراکز تک کنیکٹیویٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا رجحان تو موجود ہے، تاہم سہولیات کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ اس خلا کو پُر کرنے کے لیے پنجاب میں کنیکٹ دی اَن کنیکٹڈ نامی منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جلد سرکاری سطح پر سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کا آغاز کیا جائے گا جبکہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ جدید ڈیجیٹل رابطوں کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔

سینیٹر انوشہ رحمان نے یہ بھی بتایا کہ آئندہ چار برس میں 60 لاکھ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے جوڑنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US