معرکہ حق کی مناسبت سے حکومتِ سندھ کے زیر اہتمام خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت صوبائی وزراء اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بھارت کو جلد ہی اندازہ ہوگیا تھا کہ پاکستان ایک متحد قوم ہے اور اس سے ٹکراؤ ممکن نہیں۔ ان کے مطابق معرکہ حق میں کامیابی مسلح افواج اور پوری قوم کی مشترکہ فتح ہے۔
انہوں نے کہا کہ 10 جنوری 1972 کو ذوالفقار علی بھٹو کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور پیپلزپارٹی ہمیشہ ملک کے دفاع میں پیش پیش رہی ہے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر مؤثر قیادت فراہم کر رہے ہیں جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کرانے کی کوشش بھی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کا دشمن کو بھرپور جواب دینا قوم کے لیے خوشی کا لمحہ تھا۔ ان کے مطابق پاکستان ایک مضبوط ملک ہے اور دشمن کسی بھی غلط ارادے کی جرات نہیں کرسکتا۔