آر ایم سی ڈنٹروون میں پاکستانی کیڈٹ کو بڑا اعزاز، ”بہترین غیر ملکی کیڈٹ“ قرار

image

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آسٹریلیا کے رائل ملٹری کالج (RMC) ڈنٹروون نے پاکستان آرمی کے کیڈٹ سردار ارسام عباس (پی ایم اے 152 لانگ کورس) کو ”اوور آل بیسٹ فارن ملٹری کیڈٹ“ قرار دے دیا ہے۔

یہ اعزاز 5 مئی 2026 کو کینبرا میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران دیا گیا۔ یہ ایوارڈ اس غیر ملکی کیڈٹ کو دیا جاتا ہے جو تربیت کے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے، جو پاک فوج کے جونیئر لیڈرشپ کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، عزم اور قابلیت کا مظہر ہے۔

کمیشننگ پریڈ کا جائزہ آسٹریلوی چیف آف آرمی لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹیورٹ نے لیا، جبکہ تقریب میں سفارتی عملے کے اراکین، کینبرا میں پاکستانی ہائی کمشنر، فارغ التحصیل کیڈٹس کے اہلخانہ اور آسٹریلین ڈیفنس فورس کے حکام نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دیرینہ عسکری تعلقات قائم ہیں۔ 2013 سے اب تک پاک فوج کے 7 افسران آر ایم سی ڈنٹروون میں بطور پلاٹون کمانڈر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ 2009 سے اب تک 46 پاکستانی کیڈٹس اس ادارے سے فارغ التحصیل ہو چکے ہیں۔

یہ 14واں موقع ہے کہ کسی پاکستانی آرمی کیڈٹ کو یہ اعزاز دیا گیا ہے۔ اس فہرست میں لیفٹیننٹ ناصر حسین خالد سلہریہ شہید، تمغۂ بسالت بھی شامل ہیں، جو 4 ستمبر 2020 کو شمالی وزیرستان میں شہید ہوئے تھے۔ ان کا نام آر ایم سی پریڈ گراؤنڈ میں یادگاری پتھر پر بھی کندہ ہے، جو پاکستانی فوجی افسران کی جرات، قربانی اور وقار کی لازوال روایت کی علامت ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US