لاہور میں گرمی برقرار، کراچی میں آج بوندا باندی کا امکان

image

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم اور بارش کے حوالے سے پیش گوئی جاری کردی ہے۔ بیشتر شہروں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں گرمی اور حبس کی کیفیت برقرار رہے گی اور آج بارش کا کوئی امکان نہیں۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ شہر کا مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے اور ہوا کی رفتار کم ہونے کے باعث حبس میں اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ شام کے اوقات میں بارش متوقع ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو دن کے دوران 36 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ شہر میں ہواؤں کی رفتار تقریباً 8 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد سے زائد رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب کراچی میں موسم جزوی ابرآلود اور گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں دن کے اوقات میں دھوپ اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہنے جبکہ رات کے وقت بوندا باندی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا اور جنوب مغرب سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US