جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز نے علی الطاہر کے پہاڑی علاقوں میں سفید فاسفورس کا بھی استعمال کیا۔
رپورٹس کے مطابق اس سے ایک روز قبل اسرائیلی حملے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد سمیت 11 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
ایران نے لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جارحیت قرار دیا ہے۔ تہران کی جانب سے لبنان کے شہریوں کے خلاف جاری حملوں پر تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق رواں برس کے آغاز میں حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کے بعد اسرائیل نے لبنان میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کیں، جن کے نتیجے میں جنوبی لبنان کے وسیع علاقے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا۔
اسرائیل کا مؤقف ہے کہ شمالی اسرائیل کو مزید حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اس کی فوج جنوبی لبنان کے بعض علاقوں میں موجود رہے گی۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق 2 مارچ سے جاری کشیدگی کے دوران لبنان میں کم از کم 4 ہزار 300 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔