سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 30 خیرپور 5 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ آج ہو رہی ہے، جس میں 2 لاکھ 54 ہزار 980 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن حکام کے مطابق حلقے میں مجموعی طور پر 164 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں مرد ووٹرز کے لیے 302 جبکہ خواتین کے لیے 290 پولنگ بوتھ مختص کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق 34 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 68 کو حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اسفند یار کھرل کا مقابلہ 7 آزاد امیدواروں سے ہوگا، جبکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے ضمنی انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس 30 خیرپور 5 کی نشست پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی نعیم احمد کھرل کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، جس پر آج ضمنی انتخاب کرایا جا رہا ہے۔