کراچی کے علاقے ڈیفنس میں خیابانِ سحر اسٹریٹ 13 کے مقام پر خام تیل کی پائپ لائن میں لیکیج کے باعث سڑک پر کروڈ آئل پھیل گیا، جس کے بعد پھسلن کے خدشے کے پیش نظر سڑک کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی ڈی ایچ اے ویجیلنس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا۔ واقعے کے بعد بڑی تعداد میں علاقہ مکین بھی موقع پر جمع ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق پارکو حکام سے رابطہ کرکے پائپ لائن لیکیج سے متعلق اطلاع دے دی گئی، جس پر پارکو کی ٹیم موقع پر روانہ کردی گئی۔ حکام کے مطابق متاثرہ لائن میں خام تیل کی سپلائی بھی روک دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نیشنل ریفائنری کی جانب سے بھی سپلائی بند کرکے پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق مذکورہ پائپ لائن کافی پرانی ہے اور سڑک کے درمیان سے گزر رہی ہے۔
متعلقہ اداروں کی ٹیمیں لیکیج پر قابو پانے اور سڑک کو محفوظ بنانے کے لیے کارروائی میں مصروف ہیں۔