نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کفایت شعاری اور اضافی بچت کے اقدامات پر عملدرآمد سے متعلق کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں مختلف سرکاری اداروں میں جاری کفایت شعاری اقدامات کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی بلند قیمتوں کے پیش نظر یہ قومی ذمہ داری ہے کہ حکومت سمیت تمام ادارے کفایت شعاری کے اقدامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جن امور کو ان اقدامات سے مشکلات کا سامنا ہے اور جو فوری و اہم نوعیت کے ہیں، انہیں کابینہ کمیٹی برائے مانیٹرنگ و عملدرآمد کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ حکومتی امور متاثر نہ ہوں۔
اجلاس میں وزیر پیٹرولیم، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام، وزیر موسمیاتی تبدیلی، وزیر مملکت برائے خزانہ سمیت مختلف وزارتوں کے سیکریٹریز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کفایت شعاری اقدامات کو مؤثر بنانے اور حکومتی اخراجات میں مزید کمی پر بھی غور کیا گیا۔