وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا نے پاکستان پر تاریخی اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ملک آئندہ بھی عالمی اور علاقائی امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
اسلام آباد میں پاکستان علما کونسل کے زیر اہتمام چھٹی بین الاقوامی پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مذاکرات ایک اہم پیش رفت ہیں اور انہیں امید ہے کہ یہ عمل دیرپا امن میں تبدیل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 1979 کے بعد پہلی بار دونوں ممالک اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر بیٹھے جو پاکستان پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، استحکام اور مکالمے کو فروغ دیا ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر محمد بن سلمان، چین اور ترکیہ کے کردار کو بھی سراہا، جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف سید عاصم منیر کی کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ اسلام اتحاد، رواداری اور امن کا درس دیتا ہے اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا حل باہمی افہام و تفہیم اور اتحاد میں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر مسلمان کہلانے کے حقدار نہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور حرمین شریفین کے دفاع کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اور قانونی حقوق کے حصول تک پاکستان مظلوم عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔
کانفرنس میں مختلف ممالک کے وفود، علمائے کرام، وفاقی وزرا اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی، جبکہ امت مسلمہ کے اتحاد اور عالمی امن کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔