پاکستان اور اردن کے درمیان فوجداری تعاون کا معاہدہ آخری مراحل میں داخل

image

پاکستان اور اردن کے درمیان فوجداری معاملات میں باہمی تعاون کا معاہدہ حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے، جس کے لیے وزارت داخلہ نے وزارت خارجہ کو گرین سگنل دے دیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق مجوزہ معاہدے کے تحت دونوں ممالک دہشت گردی، منشیات اسمگلنگ اور انسانی اسمگلنگ سمیت مختلف جرائم کے خلاف مشترکہ قانونی تعاون کو فروغ دیں گے۔

وزارت داخلہ نے معاہدے کا قانونی مسودہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رائے کے لیے شیئر کیا تھا، جبکہ وزارت خارجہ کی درخواست پر صوبوں سے بھی مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق تمام متعلقہ اداروں اور صوبوں نے مسودے پر کسی قسم کا اعتراض نہیں اٹھایا۔

بعدازاں وزارت داخلہ نے باضابطہ طور پر وزارت خارجہ کو آگاہ کر دیا ہے کہ معاہدے پر اسے کوئی اعتراض نہیں، جس کے بعد اس پیش رفت کو دونوں ممالک کے درمیان قانونی تعاون بڑھانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ معاہدے کو جلد حتمی شکل دے کر اس پر عملدرآمد شروع کیا جا سکتا ہے، جس سے سرحد پار جرائم کے تدارک میں مدد ملے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US