ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ قومی دفاع میں پاک فضائیہ کا کردار تاریخی رہا ہے اور معرکۂ حق میں دشمن کو بھرپور جواب دیا گیا۔
ایئرہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں معرکۂ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ واقعے کے بعد پاکستان نے بھارت کو غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، تاہم بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کو دندان شکن شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی ایئر ڈیفنس سسٹم کو شدید نقصان پہنچایا جبکہ سرینگر سے بھٹنڈا تک دشمن کو سبق سکھایا گیا۔
ایئرچیف مارشل نے کہا کہ پاکستان کے “سائبر شاہینوں” نے دشمن کی سائبر سیکیورٹی کو بھی مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور فضائی، الیکٹرانک اور سائبر وارفیئر میں برتری ثابت کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاک فضائیہ نے دنیا کے جدید ترین لڑاکا طیاروں اور ایس-400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو بھی ناکام بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ اپنی فضائی سرحدوں کی مؤثر محافظ ہے اور معرکۂ حق کے دوران ہر جوان نے غیرمعمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق بنیان مرصوص آپریشن میں پاکستان نے جدید ڈرون صلاحیتوں کا کامیاب مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ وقت میں دشمن کی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
تقریب کے اختتام پر ایئرچیف نے معرکۂ حق میں کامیابی پر پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو مبارکباد بھی پیش کی۔