معرکہ حق میں مسلح افواج نے پانچ گنا بڑے دشمن کو عبرتناک شکست دی، ڈی جی آئی ایس پی آر

image

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پاک فضائیہ اور بحریہ کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سال قبل 'معرکہ حق' میں پاکستانی مسلح افواج نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو ملٹی ڈومین وار میں عبرت ناک شکست دی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس جنگ میں دنیا نے جو دیکھا وہ پاکستان کی مجموعی عسکری صلاحیتوں کا محض 10 سے 15 فیصد تھا، جبکہ 14 اگست کو ہونے والی عظیم الشان پریڈ میں قوم کو اس پاور پوٹینشل کی مزید جھلک دکھائی جائے گی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی کے من گھڑت بیانیے بناتا ہے لیکن حقیقت میں وہ خود اس میں ملوث ہے اور دنیا اب اس کی باتوں پر کان دھرنے کو تیار نہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پہلگام واقعے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھارت جواب دے کہ اس کے پیچھے کون لوگ تھے اور کس نام نہاد کیمپ کو نشانہ بنایا گیا؟ انہوں نے کشمیریوں کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے اور بھارت اپنے ہی لوگوں پر دہشت گردی کروا کر الزام دوسروں پر ڈالتا ہے۔

بھارتی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے دو ٹوک پیغام دیا کہ اگر وہ جنگی زبان استعمال کرنا چاہتے ہیں تو سامنے آئیں، پاکستان روایتی اور غیر روایتی ہر طرح کی جنگ کے لیے مکمل تیار ہے اور ملک کے دفاع و سلامتی پر کسی کو آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو شک ہے تو وہ 'معرکہ حق' کی صورت میں ایک قسط دیکھ چکا ہے، پاکستان اپنی سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US