انٹرنیٹ کی دنیا کا قدیم اور انقلابی سرچ انجن Ask.com تقریباً تین دہائیوں تک اپنی خدمات فراہم کرنے کے بعد باضابطہ طور پر بند کردیا گیا ہے۔
یہ پلیٹ فارم 1996 میں گوگل کی آمد سے بھی پہلے 'Ask Jeeves' کے نام سے متعارف ہوا تھا، جس کی انفرادیت یہ تھی کہ صارفین اس پر کلیدی الفاظ کے بجائے قدرتی زبان میں براہِ راست سوال پوچھ کر معلومات تلاش کرسکتے تھے۔
سال 2006 میں دیگر سرچ انجنز سے مقابلے کے باعث اس کے نام سے 'Jeeves' کا لفظ ہٹا کر اسے Ask.com کے طور پر ری برانڈ کیا گیا تھا۔ اس ویب سائٹ کی مالک کمپنی انٹر ایکٹیو کارپوریشن (آئی اے سی) نے اپنے بیان میں سرچ بزنس ختم کرنے کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم مئی 2026 کو اس سروس کو ہمیشہ کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
کمپنی نے 25 سال تک دنیا بھر کے سوالات کے جواب دینے کے سفر پر اپنے لاکھوں صارفین، انجینئرز اور ڈیزائنرز کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے دہائیوں تک اس پلیٹ فارم کو فعال رکھا۔