پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس نئے موبائل نیٹ ورک ”زوما“ کے آغاز کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، جس سے صارفین کو سستی کالز، ڈیٹا پیکجز اور بین الاقوامی رومنگ کے بہتر متبادل کی سہولت ملنے کا امکان ہے۔
کاروباری جریدے ”پرافٹ“ کی رپورٹ کے مطابق زوما ریسورسز نے عالمی ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی امریکی کمپنی ٹیلنا کے ساتھ تین سالہ معاہدہ کیا ہے۔ معاہدے کے تحت کمپنی جدید ٹیلی کمیونیکیشن سروسز پاکستان میں متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق زوما پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی سے موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹر لائسنس حاصل کرنے کے عمل میں ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے نیٹ ورک کی آمد سے ٹیلی کام مارکیٹ میں مقابلہ بڑھے گا، جس کا فائدہ براہِ راست صارفین کو سستے اور بہتر پیکجز کی صورت میں مل سکتا ہے۔
زوما اپنی سروسز میں ملٹی آئی ایم ایس آئی ٹیکنالوجی استعمال کرے گی، جس کے ذریعے ایک ہی سم کارڈ میں مختلف ممالک کے نیٹ ورک پروفائلز شامل ہوں گے۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے صارفین ایک ہی سم کو مختلف ممالک میں مقامی سم کے طور پر استعمال کرسکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق اس سہولت سے مہنگی انٹرنیشنل رومنگ فیس سے بچا جاسکے گا۔ اگر صارف سعودی عرب، متحدہ عرب امارات یا یورپی ممالک کا سفر کرے تو زوما کی سم خودکار طریقے سے مقامی نیٹ ورک پر منتقل ہوجائے گی، جس سے کالز اور موبائل ڈیٹا کے اخراجات نمایاں طور پر کم ہونے کی توقع ہے۔