وزیراعظم اپنا گھر پروگرام، 1845 افراد کو 5 ارب سے زائد قرضے جاری

image

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک 1845 افراد کو 5 ارب روپے سے زائد مالیت کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں۔

کمیٹی کے اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ چار برسوں میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے رعایتی قرضے فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر 25 ہزار 304 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 8 ہزار 990 درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں جبکہ منظور شدہ قرضوں کی مجموعی مالیت 37 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور سیکرٹری قانون و انصاف نے ارکانِ کمیٹی کو پروگرام کے نفاذ، ہاؤسنگ فنانس فریم ورک اور فورکلوژر قوانین میں مجوزہ اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے مطابق یہ سبسڈی شدہ ہاؤسنگ فنانس اسکیم ہے جس کے تحت پہلی بار گھر خریدنے والوں کو ایک کروڑ روپے تک قرض فراہم کیا جائے گا۔ قرض پر مارک اپ کی شرح 5 فیصد مقرر کی گئی ہے جبکہ ادائیگی کی مدت 20 سال رکھی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ اسکیم میں فنانسنگ کا تناسب 90:10 ہوگا۔

وزارت ہاؤسنگ نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ بینکوں کے تحفظات کم کرنے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور مارگیج فنانس سیکٹر کو مستحکم بنانے کے لیے فورکلوژر اور ریکوری قوانین میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔

قائمہ کمیٹی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں ہاؤسنگ فنانس کا شعبہ ابھی تک مطلوبہ ترقی حاصل نہیں کر سکا، اس لیے ساختی اصلاحات، مؤثر قانونی نظام اور سازگار ریگولیٹری ماحول وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ بینک اور مالیاتی ادارے رہائشی قرضوں کے اجرا میں مزید فعال کردار ادا کر سکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US