بلوچستان کے ضلع جھل مگسی میں خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس میں خاران سے لاڑکانہ جانے والی مسافر کوچ الٹنے کے باعث 8 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق تیز رفتاری کے باعث مسافر کوچ بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد، پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا۔
ڈی ایچ او جھل مگسی کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے بی ایچ یو باریجہ منتقل کیا گیا، جبکہ 7 شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث لاڑکانہ ریفر کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ ایمبولینسز کی کمی کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آئیں۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ابتدائی طور پر وجہ تیز رفتاری قرار دی جا رہی ہے۔