وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی تھی اور قومی اتحاد و اتفاق ہی پاکستان کی کامیابی کی اصل قوت بنا۔
وہ پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے زیر اہتمام ’’معرکہ حق‘‘ کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ معرکہ حق کی اس تقریب میں شرکت ان کے لیے باعث اعزاز ہے اور پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ سے ان کا دیرینہ تعلق رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس قومی اسمبلی میں اپنی تقریر کے دوران واضح کیا تھا کہ دشمن کو جواب دینے کے لیے پوری قوم سیاسی تقسیم سے بالاتر ہوچکی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کو بیانیہ، سفارتی اور عسکری محاذ پر نمایاں کامیابی حاصل ہوئی اور اللہ تعالیٰ نے قوم کو عزت و فتح سے نوازا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ اور ایئر ڈیفنس سسٹم نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جبکہ دشمن کو ایسا موثر جواب دیا گیا کہ وہ چند گھنٹوں میں ہی سیز فائر پر مجبور ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی پیشہ ورانہ مہارت اور ایڈمرل نوید اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ کی تیاری نے پاکستان کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے بے بنیاد دعوے کیے جن سے وہ عالمی سطح پر بے نقاب ہوا، جبکہ پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ اور پیشہ ورانہ کردار ادا کر کے دنیا بھر میں پذیرائی حاصل کی۔ انہوں نے صحافیوں، میڈیا ہاؤسز، سوشل میڈیا صارفین، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے کردار کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ امن کو ترجیح دیتا آیا ہے تاہم اس کی امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کی پیشکش ایک مثبت اور سنجیدہ اقدام تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے جبکہ پاکستان خود دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر معرکہ حق کی فتح کا کیک بھی کاٹا گیا۔